اسلام آباد:بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سکھ برادری کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور یاتریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پاکستان کو سکھ مت کے مقدس ترین مقامات، گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب اور گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور کی میزبانی کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان سکھوں کے مقدس مقامات کے تحفظ اور دنیا بھر سے آنے والے یاتریوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی میں ہر ممکن آسانی فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں بابا گرو نانک کی انسانیت دوستی پر مبنی تعلیمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امن، رواداری، سماجی مساوات اور خدمتِ انسانیت کا درس دیا۔ صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ بابا گرو نانک کا بین المذاہب ہم آہنگی اور پُرامن بقائے باہمی کا پیغام آج کے دور میں بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔




