اسلام آباد: پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چین کے شین ژو۔24 انسانی خلائی مشن کا حصہ بن گئے ہیں۔ وہ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پاکستان کے منتخب کردہ چار سائنسی تجربات انجام دیں گے، جن کا تعلق غذائی تحفظ، بایوٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلی سے ہے۔
چین نے شین ژو۔24 مشن کے عملے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے محمد ذیشان علی کو پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر شامل کیا ہے، جبکہ خرم داؤد کو متبادل خلا باز نامزد کیا گیا ہے۔ دونوں پاکستانی امیدوار چین میں اپنی خصوصی تربیت مکمل کر چکے ہیں۔
اس مشن کے لیے پاکستان کی خلائی ایجنسی سپارکو کو ملکی جامعات اور تحقیقی اداروں سے 300 سے زائد سائنسی تجاویز موصول ہوئی تھیں، جن میں سے چار تجربات کو چینی ماہرین نے منتخب کیا۔ ان تجربات کا بنیادی مقصد حیاتیاتی سائنس اور بایوٹیکنالوجی کے شعبوں میں تحقیق کے ذریعے ایسی معلومات حاصل کرنا ہے جو غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور مستقبل کی خلائی تحقیق میں مددگار ثابت ہو سکیں۔
محمد ذیشان علی کا کردار اس لیے بھی اہم ہے کہ وہ خلائی اسٹیشن پر ان تجربات کو عملی طور پر انجام دیں گے۔ اس طرح پاکستان کے محققین کو اپنے تحقیقی کام کو خلا کے ماحول میں آزمانے اور اس کے نتائج سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔
محمد ذیشان علی فائٹر پائلٹ ہیں، جنہیں پاکستان کی جانب سے شین ژو۔24 مشن کے لیے منتخب کیا گیا۔ انہوں نے چین میں کئی ماہ تک خصوصی خلائی تربیت حاصل کی، جس میں چینی زبان، خلائی جہاز کے نظام، صفر کششِ ثقل، سینٹری فیوج، ریسکیو اینڈ سروائیول اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مشقیں شامل تھیں۔
ان کے مطابق تربیت کے دوران سب سے مشکل مرحلہ چینی زبان سیکھنا تھا، کیونکہ خلائی جہاز کے تمام سوئچز، سافٹ ویئر، پروگرامز اور صوتی اعلانات چینی زبان میں ہوتے ہیں۔ اس لیے انہیں عام گفتگو کے ساتھ تکنیکی اصطلاحات بھی سیکھنا پڑیں۔
محمد ذیشان علی نے اپنے انتخاب کو صرف ذاتی کامیابی کے بجائے پورے پاکستان کی نمائندگی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی عوام کے خواب اپنے ساتھ خلا میں لے کر جا رہے ہیں اور اس مشترکہ مشن کے ذریعے انسانیت کے مستقبل کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔ محمد ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہیں۔
پاکستان کے لیے اس مشن کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ ملکی جامعات اور تحقیقی اداروں کے تیار کردہ تجربات کو بین الاقوامی خلائی پلیٹ فارم پر عملی طور پر انجام دیا جائے گا۔ ان تجربات سے حاصل ہونے والی معلومات مستقبل میں بایوٹیکنالوجی، زراعت، غذائی تحفظ اور موسمیاتی تحقیق کے لیے مفید ہو سکتی ہیں۔




