کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم نہیں بلکہ آئینی طریقہ کار اختیار کرنا ہوگا، صوبائی حدود میں تبدیلی متعلقہ صوبائی اسمبلیوں کی منظوری کے بغیر ممکن نہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے ذریعے صوبوں کا مسئلہ حل نہیں ہوگا، عوام کی رائے جاننے کے لیے اس عمل پر اربوں روپے خرچ ہوں گے۔ سندھ اور پنجاب میں نئے صوبوں کے حوالے سے ہمارا مؤقف یکساں ہے اور دونوں صوبائی اسمبلیاں اس معاملے پر اپنا فیصلہ سنا چکی ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت مقامی حکومتوں کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ سندھ میں بلدیاتی نظام موجود ہے، جبکہ دیگر صوبوں میں ایسا نظام موجود نہیں۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کل ری سیٹ کا لفظ بہت مشہور ہو رہا ہے اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں بھی جلد ری سیٹ ہونے جا رہا ہے۔




