ٹوکیو: جاپان کی آٹو موبائل صنعت اب گاڑیوں کی تیاری سے آگے بڑھ کر دفاعی شعبے میں بھی اپنا کردار ادا کرنے لگی ہے۔ ملک کی گاڑیوں کے پرزے بنانے والی کمپنیاں ڈرونز کے لیے الیکٹرک موٹرز، انجن اور دیگر دفاعی ٹیکنالوجی تیار کرنے کی جانب منتقل ہو رہی ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جاپانی کمپنی آسٹر، جو پہلے ٹویوٹا کے لیے گاڑیوں کے پرزے تیار کرتی تھی، اب امریکی دفاعی ٹیکنالوجی کمپنی اینڈیورل کے ڈرونز کے لیے الیکٹرک موٹرز فراہم کر رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق دفاعی شعبے سے حاصل ہونے والی آمدنی اس کے مجموعی کاروبار کا تقریباً 10 فیصد ہو چکی ہے۔
جاپانی وزیراعظم سانائے تاکائچی کی حکومت ملک کی دفاعی صلاحیت بڑھانے کے لیے آٹو موبائل انڈسٹری کی موجودہ صنعتی مہارت اور سپلائی چین کو استعمال کرنا چاہتی ہے۔ چین، روس اور شمالی کوریا سے بڑھتے ہوئے سکیورٹی خدشات بھی اس پالیسی کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جاپان کی دیگر چھوٹی صنعتی کمپنیاں بھی فوجی ڈرونز کے لیے انجن اور موٹرز بنانے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔ چینی آٹو موبائل کمپنیوں سے بڑھتے ہوئے مقابلے کے باعث جاپانی پرزہ ساز ادارے دفاعی شعبے کو کاروبار کے ایک نئے موقع کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
تاہم ٹویوٹا اور ہونڈا جیسی بڑی کمپنیاں اس شعبے میں داخل ہونے کے حوالے سے محتاط ہیں۔




