بیلجیئم: سویڈش کار ساز کمپنی وولوو نے گاڑیوں کی تیاری میں جدید روبوٹک ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی ہے، جس کے تحت انسان نما روبوٹس فیکٹری ملازمین کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق وولوو نے بیلجیئم میں ہیگزاگون روبوٹکس کے تیار کردہ AEON روبوٹس کی آزمائش شروع کر دی ہے۔ یہ روبوٹس ابتدائی طور پر گاڑیوں کے پرزے اٹھانے اور انہیں مخصوص جگہوں پر نصب کرنے کی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
کمپنی ان روبوٹس کو انسانی کارکنوں کے کام کا مشاہدہ کروا کر مختلف کام سکھا رہی ہے۔ مستقبل میں انہیں پرزوں کی منتقلی، فیکٹری کے اندر نقل و حرکت اور خودکار مشینوں کے ساتھ کام کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔
وولوو کے مطابق اس ٹیکنالوجی کا مقصد ملازمین کی جسمانی مشقت کم کرنا اور پیداواری عمل کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ انسان نما ڈیزائن کی وجہ سے روبوٹس موجودہ فیکٹری نظام میں بڑی تبدیلی کے بغیر کام کر سکیں گے۔
کمپنی نے 2027 کی پہلی ششماہی میں مزید روبوٹس کے ساتھ وسیع آزمائشی منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ اسی سال کے وسط تک انہیں باقاعدہ پیداواری سرگرمیوں میں شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔




