صادق آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک اس وقت معاشی مشکلات کا شکار ہے، مہنگائی، غربت اور بے روزگاری نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے، ایسے حالات میں سیاسی نفرت اور انتقام کے بجائے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
صادق آباد میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آج ملک کے نوجوان روزگار نہ ملنے کے باعث پریشان ہیں جبکہ کسانوں کو اپنی محنت اور فصلوں کی مناسب قیمت نہیں مل رہی۔ حکومت کو عوام کی مشکلات اور ملک کو درپیش معاشی صورتحال سے آگاہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی غریب دوست جماعت ہے اور ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کرتی رہی ہے۔ روٹی، کپڑا اور مکان ہمارا نعرہ ہے اور ہم عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
جنوبی پنجاب صوبے کے مطالبے پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ الگ صوبے کے قیام کے حامی ہیں اور اس مقصد کے لیے جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اپنا صوبہ بیک ڈور سے نہیں بنائیں گے اور کسی کو اس تحریک کو متنازعہ بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کے حق میں نہیں، تاہم جنوبی پنجاب کے عوام کے صوبے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں اور پنجاب اسمبلی میں بھی ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مخدوم سید احمد محمود اور ان کے بیٹوں کا بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری جدوجہد کے ذریعے عوام کے حقوق حاصل کیے جائیں گے۔




