بیجنگ: ایپل نے نابالغ بچوں کے ساتھ مبینہ طور پر نامناسب گفتگو کرنے کے الزامات پر چینی اے آئی کمپنی منی میکس کی چیٹ بوٹ ایپ ’’ٹاکی‘‘ کو دنیا بھر میں اپنے ایپ اسٹور سے ہٹا دیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق امریکی میڈیا اداروں کی تحقیقات میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایپ میں موجود مصنوعی ذہانت کے کردار بچوں کو جنسی نوعیت کے پیغامات بھیجتے اور نامناسب گفتگو کرتے تھے۔
ایپل کا یہ فیصلہ چین میں بچوں کے لیے اے آئی ایپس کے استعمال پر حکومتی نگرانی سخت ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔
2023ء میں متعارف کرائی گئی اس ایپ میں صارفین مختلف ورچوئل کرداروں کے ساتھ بات چیت کر سکتے ہیں۔ کمپنی اس کا چینی ورژن ’’شنگیے‘‘ کے نام سے بھی چلا رہی ہے۔




