اسلام آباد: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق تینوں ممالک نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
مشترکہ اعلامیے میں مکہ دفاعی معاہدے کے تحت اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور ایک دوسرے کی خودمختاری کے احترام کے اصولوں کی توثیق کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں دفاعی اتحاد کو ادارہ جاتی شکل دینے اور اجتماعی دفاعی ذمہ داریوں پر عمل درآمد کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ سعودی عرب میں اتحاد کے سیکریٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کے لیے ہونے والی پیش رفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
تینوں ممالک نے علاقائی کشیدگی میں کمی، تنازعات کے پُرامن حل اور سفارتی روابط کے فروغ کے لیے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
مشترکہ اعلامیے میں سعودی عرب میں شہریوں اور شہری تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے مسلسل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اجتماعی دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔




