اسلام آباد: وزیراعظم نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو مالی مشکلات سے نکالنے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بینکوں کو قرضوں کی فراہمی کا نظام آسان بنانے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ایس ایم ایز کو مالی وسائل تک رسائی، کاروباری مواقع میں اضافے اور برآمدات کے فروغ سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ان کے لیے مالی سہولیات میں اضافہ معاشی ترقی، روزگار کی فراہمی اور نئی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ایس ایم ایز کے لیے بینکوں سے قرض حاصل کرنے کا طریقہ کار آسان بنایا جائے اور قرض کی منظوری میں کاروبار کے کیش فلو کو بھی ضمانت کے متبادل پیمانے کے طور پر اہمیت دی جائے۔
وزیراعظم نے بینکوں کے قرضوں سے متعلق ضوابط پر نظرثانی، سرکاری اداروں کے ڈیٹا تک بینکوں کی رسائی اور کاروباری اداروں کو لیٹر آف کریڈٹ اور بینک گارنٹیز کے حصول میں معاونت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔




