اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے خطے میں امن کے قیام کے لیے مسلسل اور انتھک کوششیں کیں۔ ایران اور امریکا کو مذاکرات کی میز پر لانا پاکستان کی بڑی کامیابی تھی، جبکہ مشکلات کے باوجود امن کے لیے سفارتی کوششیں بدستور جاری ہیں۔
نیشنل سکیورٹی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے امریکا اور تمام خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات بہترین ہیں۔ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ ملکی دفاع کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو معاشی ترقی کے لیے کم از کم 6 فیصد جی ڈی پی گروتھ کا ہدف حاصل کرنا ہوگا۔ زرمبادلہ کے ذخائر تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں، تاہم ملک کی مجموعی ترقی کے لیے مزید محنت درکار ہے۔
وزیراعظم نے زرعی شعبے کی بہتری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 78 برسوں میں زراعت کو وہ توجہ نہیں دی گئی جس کی ضرورت تھی۔ اب اس شعبے کی ترقی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔




