وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ ہوگئے، وزیر اعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقات کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ ہوگئے، وزیراعظم کے ہمراہ روانہ ہونے والے وفد میں نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظبی کے فرمانروا شیخ محمد بن زاید النہیان کی دعوت پر متحدہ امارات کا سرکاری دورہ کررہے ہیں۔
دورے کے دوران وزیرِ اعظم متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، ان اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی روابط کو گہرا کرنے اور کثیر جہتی تعاون کو فروغ دینے کا باعث بنے گا۔
یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تزویراتی شراکت داری کو فروغ دینے، باہمی دلچسپی کے موجودہ شعبوں میں تعاون کو بڑھانے اور دو طرفہ خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ بھارتی جارحیت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کے دورے کیے تھے جبکہ عیدالاضحیٰ کے موقع وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سعودی عرب دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے علاوہ ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات بھی کی تھی۔




