چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر شدید ردعمل دیا ہے جس میں انہوں نے امریکی شہریوں کو تہران فوری طور پر چھوڑنے کا مشورہ دیا تھا۔ چینی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کو کشیدگی بڑھانے کے بجائے مشرق وسطیٰ میں استحکام کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔
بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے کہا، "آگ پر تیل ڈالنے، دھمکیاں دینے، اور دباؤ بڑھانے سے صورتحال میں بہتری نہیں آئے گی بلکہ اس سے تنازع مزید گہرا اور وسیع ہو جائے گا۔”
چین نے عالمی طاقتوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ ایران-اسرائیل کشیدگی کو ہوا دینے کی بجائے اسے ختم کرنے کی کوشش کریں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام فریقین کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ خطے میں جنگ کی آگ مزید نہ پھیلے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور بین الاقوامی برادری اس صورتِ حال پر گہری تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔




