کراچی : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت نازک صورتحال سے دوچار ہے، اور اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہمیں قومی مفاد میں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ایک بار پھر سر اٹھا رہے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے پوری قوم اور قیادت کو ایک پیج پر آنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن آپریشن جاری ہے، اور فتنۂ خوارج جیسے عناصر کے خاتمے کے لیے ریاستی ادارے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نہ صرف دہشتگردوں سے نمٹ رہے ہیں بلکہ سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی حکمت عملی بھی اپنا رہے ہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وزیر داخلہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی کی قیادت میں ملک بھر میں امن و امان کی بہتری کے لیے قابل قدر اقدامات ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی کے حوالے سے بھی اہم تجاویز دی گئی ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی پاکستان کا دل ہے، اور اس کے استحکام سے ملک کا استحکام جڑا ہے۔ انہوں نے افواجِ پاکستان اور وزیر داخلہ کی جانب سے جمہوری تسلسل اور قومی خودمختاری کے دفاع میں کردار کو سراہا۔




