گوجر خان: تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ایک پولیس ہیڈ کانسٹیبل کو خواتین کی بیت الخلا میں خفیہ ویڈیوز بنانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم پنجاب پولیس کے لاہور دفتر میں تعینات ہے اور اس کے موبائل فون سے متعدد نازیبا ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بھی معلوم ہوا کہ ملزم کے خلاف پہلے بھی سنگین نوعیت کے الزامات سامنے آ چکے ہیں لیکن وہ کیس ختم ہونے کے بعد دوبارہ خدمات انجام دے رہا تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے کہا ہے کہ ہسپتال کے بیت الخلا میں کوئی کیمرہ نصب نہیں ہے اور معاملہ پولیس کی تفتیش کے دائرے میں ہے۔ مقامی افراد نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔




