لاہور:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا ہے کہ ستھرا پنجاب مہم کی کامیابی کے بعد حکومت نے صوبے میں ترقی کو مزید فروغ دینے کے لیے نئی مہم "سدھرا پنجاب” شروع کر دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، خاص طور پر لاہور میں 68 فیصد کمی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے لاہور کو بین الاقوامی شہروں سے زیادہ محفوظ قرار دیا گیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ گزشتہ دنوں یوم عاشورہ کے موقع پر بہترین سیکیورٹی انتظامات کیے گئے اور تمام مسالک کے درمیان مذہبی ہم آہنگی کا بہترین مظاہرہ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں 1509 اشتہاری گرفتار کیے گئے اور 614 بچوں کو بازیاب کرایا گیا ہے۔ سی سی ڈی کو ایف بی آئی کے ماڈل پر مضبوط کیا گیا ہے جو اب تک 1500 سے زائد اشتہاریوں کو گرفتار کر چکا ہے۔
وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ پنجاب میں کسی چور یا ڈاکو کو اب کوئی رعایت نہیں دی جائے گی اور ستھرا پنجاب کے بعد اب سدھرا پنجاب مہم کے ذریعے صوبے کی ترقی کو نئی راہ دی جائے گی۔




