کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیفنس کے علاقے میں کار سے ٹکرانے پر موٹر سائیکل سوار نوجوان پر مبینہ تشدد کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ملزم کے خلاف کراچی کے تھانہ گزری میں پیر کی صبح مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس کے مطابق گذشتہ روز کراچی کے علاقے گذری ڈیفنس میں گاڑی اور موٹر سائیکل میں تصادم کے بعد کار سوار ملزم طیش میں آ گیا تھا اور اس نے موٹر سائیکل سوار شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
اس واقعے کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جس میں اس نوجوان کے ساتھ موجود کچھ خواتین اس ملزم کے سامنے ہاتھ جوڑ کر معافیاں مانگتی دیکھی جا سکتی ہیں۔ ویڈیو میں نوجوان کو یہ کہتے بھی سنا جا سکتا ہے کہ وہ یہاں اپنی بہنوں کو لینے آیا تھا۔
کراچی پولیس کے ڈی آئی جی ساؤتھ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے کے مرکزی ملزم کو ڈی ایچ اے سے گرفتار کر لیا گیا ہے اور ملزم سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔
اس سے قبل پیر کی صبح پولیس نے ملزم کے دفتر اور گھر پر چھاپہ مارا تھا جہاں سے اس کے سکیورٹی گارڈ، ڈرائیور اور گھریلو ملازم کو حراست لیا گیا جبکہ ملزم کی گاڑی بھی تحویل میں لے لی تھی۔




