لاہور:پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے تیسرے سپیل کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے۔ 11 سے 17 جولائی کے دوران راولپنڈی، مری، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان سمیت دیگر اضلاع میں موسلا دھار بارشوں اور تیز آندھی کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو مکمل طور پر ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے بشمول صحت، آبپاشی، تعمیرات اور لوکل گورنمنٹ کو بھی فوری الرٹ کیا گیا ہے تاکہ سیلابی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ ہے اور برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کے امکانات موجود ہیں۔ انتظامیہ شہریوں کو ہدایت دے رہی ہے کہ وہ موسم کی پیش گوئی پر نظر رکھیں اور حفاظتی اقدامات اپنائیں۔




