اسلام آباد: پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھارتی قومی سلامتی مشیر اجیت دوول کے حالیہ بیان کو جھوٹ، مبالغہ آرائی اور گمراہی پر مبنی قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان شفقت علی خان نے کہا ہے کہ اجیت دوول کا بیان ایک دانستہ کوشش ہے جس کا مقصد بھارتی عوام کو حقائق سے دور رکھنا اور پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا پھیلانا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بھارتی مداخلت اور دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے پاس ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، اور عالمی سطح پر بھی بھارت کے منفی کردار پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اجیت دوول جیسے اعلیٰ سطح کے عہدیدار کی طرف سے اس طرح کا بیان خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے مسلسل پراپیگنڈا مہم چلا رہا ہے، اور یہ حالیہ بیان اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
افغانستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ وہاں موجود دہشت گرد عناصر کی محفوظ پناہ گاہیں پاکستان کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پناہ گاہیں پاک-افغان تعاون کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، اور پاکستان اس حوالے سے واضح مؤقف رکھتا ہے کہ ان خطرات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھارت کے تخریبی عزائم کا نوٹس لے اور دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات کرے۔




