لاہور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور لاہور پہنچ گئے جہاں ان کے ہمراہ کے پی اسمبلی کی کابینہ اور تحریک انصاف پنجاب اسمبلی کے اراکین بھی موجود ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کسی پریس کانفرنس یا میڈیا گفتگو کے بغیر راوی پل کراس کیا اور رائیونڈ روڈ روانہ ہو گئے، جہاں آج پی ٹی آئی کی مختلف پارلیمانی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوگا۔
اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور پارٹی رہنما بیرسٹر گوہر علی کریں گے، جس میں احتجاجی تحریک کی حکمت عملی اور آئندہ سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ قافلے کے استقبال کے لیے آئے پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر یاسر گیلانی کو پولیس نے گرفتار کر لیا اور انہیں پولیس وین میں منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور آج رات لاہور میں قیام کریں گے تاکہ سیاسی مشاورت کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔




