ضلعی انتظامیہ لاہور نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ تازہ فہرست کے مطابق چاول کی فی کلو قیمت میں 55 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے، جبکہ روٹی کی قیمت 14 روپے فی پیس برقرار رکھی گئی ہے۔

باسمتی چاول کی نئی قیمت 250 روپے سے بڑھا کر 305 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب دالوں کی قیمتوں میں 20 سے 60 روپے تک کمی کی گئی ہے۔ دال چنا اسپیشل 20 روپے سستی ہو کر 275 روپے فی کلو ہو گئی، دال ماش دھلی ہوئی 40 روپے کم ہو کر 410 روپے، اور دال مونگ 60 روپے کمی کے بعد 325 روپے فی کلو پر آ گئی۔
بیسن کی قیمت میں 30 روپے کمی کر کے 270 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ کالا چنا موٹا 20 روپے کمی کے بعد 260 روپے اور سفید چنا 15 روپے کمی کے بعد 295 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگا۔
دال مسور، دودھ، مٹن اور بیف کی قیمتیں بدستور مستحکم ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی ہے کہ تمام دکاندار نئی قیمتوں کی فہرست نمایاں جگہ پر آویزاں کریں۔




