اسلام آباد : وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے بروقت، مؤثر اور مربوط حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔
اپنے بیان میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ ہنگامی حالات میں فوری ردِ عمل ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے حالیہ شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کے لیے پیشگی تیاری ناگزیر ہے۔
وزیرِ اعظم نے تمام وزرائے اعلیٰ کی کارکردگی کو سراہا اور آئندہ ممکنہ موسمی خطرات کے پیش نظر جامع تیاری کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کو تمام وسائل کی فراہمی میں وفاقی حکومت بھرپور کردار ادا کرے گی۔
مزید برآں، وزیرِ اعظم نے انسانی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزارت منصوبہ بندی اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کو ایک مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی، اور عوامی سطح پر موسمیاتی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔




