پاکستان

ملک بھر میں مون سون کی چوتھی بارشوں کی لہر کل سے شروع، سیلاب کا خدشہ برقرار

لاہور، اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ:ملک بھر میں مون سون بارشوں کا چوتھا سپیل کل سے شروع ہونے جا رہا ہے، جس کے باعث پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کئی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے آگاہی جاری کر دی ہے۔

پنجاب میں 20 سے 25 جولائی کے دوران لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور دیگر شہروں میں موسلا دھار بارش متوقع ہے، جس کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

دریائے سندھ کے مختلف حصوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ خاص طور پر تربیلا، کالاباغ اور چشمہ میں نچلے اور درمیانے درجے کے سیلاب کے خطرات ہیں جبکہ چشمہ میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ کالاباغ کے قریبی علاقوں میں دریائے سندھ کا پانی داخل ہو چکا ہے جس سے ہزاروں ایکڑ کھیتی زیر آب آ گئی ہے۔ ریسکیو حکام نے اب تک 223 افراد اور 162 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔

کراچی میں موسم ابر آلود ہے اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔ شہر کا درجہ حرارت 31 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں بشمول چترال، سوات، دیر، بونیر اور مانسہرہ میں بھی بارش متوقع ہے۔ مالم جبہ میں سب سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

بلوچستان کے اضلاع بارکھان، سبی، موسیٰ خیل، ژوب اور لورالائی میں بھی موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ نوکنڈی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری ریکارڈ ہوا ہے۔

رواں مون سون سیزن میں پنجاب میں اب تک 123 افراد جاں بحق اور 462 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ 150 عمارتیں متاثر ہو چکی ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے عوام کو دریاؤں، ندی نالوں اور خطرناک علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے اور ہنگامی صورت حال میں ریسکیو 1122 سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button