وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبے نے ماحولیات، جنگلی حیات، جنگلات اور پیرا فورسز کے ساتھ ساتھ منشیات کے خلاف پہلی باقاعدہ کاؤنٹر نارکوٹکس فورس بھی قائم کر لی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں اس فورس کی باضابطہ لانچنگ تقریب میں خصوصی شرکت کی اور پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر فورس کے افسران اور اہلکاروں کو سلامی پیش کی۔ تقریب کے دوران فورس نے حلف اٹھایا جبکہ وزیراعلیٰ نے قومی پرچم ان کے سپرد کیا۔
وزیراعلیٰ نے سی این ایف کی لیڈیز اسٹاف کے مارچ پاسٹ کا مشاہدہ بھی کیا اور تربیت یافتہ خواتین اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ اس موقع پر ڈی جی سی این ایف بریگیڈیئر مظہر اقبال نے فورس کے دائرہ کار، ڈھانچے اور تربیتی مراحل پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈی جی کے مطابق پہلے فیز میں 866 آسامیوں پر بھرتیاں کی گئیں۔ تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر CNF اسٹیشنز اور ریجنل ڈائریکٹوریٹس قائم کر دئیے گئے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں سی این ایف کا دائرہ کار ضلع کی سطح تک پھیلایا جائے گا۔ فورس کے افسران کو راولپنڈی میں اے این ایف اکیڈمی میں بارہ ہفتے کی تربیت دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس گاڑیوں، آلات اور فورس کی ڈیجیٹل صلاحیتوں کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے سی این ایف کو پنجاب کے محفوظ مستقبل کی ضمانت قرار دیا اور کہا کہ یہ فورس منشیات کے خاتمے اور نوجوان نسل کو بچانے کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گی۔

سی این ایف فورس، جو پنجاب کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینس ایکٹ 2025 کے تحت قائم کی گئی ہے، کو پولیس کی طرز پر تفتیش اور گرفتاری کے مکمل اختیارات حاصل ہوں گے، اور افسران کو بغیر وارنٹ کارروائی کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔





