کھیل

قومی ٹیم کی پہلی اننگز 378 رنز پر ختم، جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ کا دوسرا روز جاری

لاہور:جنوبی افریقہ کے خلاف  قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری   سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز قومی کرکٹ ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 378 رنز پر ختم کر دی۔

قومی ٹیم  نے دوسرے روز کھیل کا آغاز 313 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا، اس وقت محمد رضوان 62 اور سلمان علی آغا 52 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ محمد رضوان نے 75 رنز بنا کر اپنی وکٹ گنوائی، اور اسی اوور میں نعمان علی اور ساجد خان بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ تینوں کھلاڑی جنوبی افریقی بولر سینوران متھوسامی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

پہلے دن پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن عبداللہ شفیق جلد ہی 2 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس کے بعد شان مسعود اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔ شان مسعود 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ امام الحق 93 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

سابق کپتان بابر اعظم صرف 23 رنز بنا سکے اور سعود شکیل بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے سینوران متھوسامی نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کاگیسو ربادا، سائمن ہارمر اور پرینیلن سبریئن نے ایک ایک وکٹ لیا۔

پاکستانی ٹیم میں 38 سالہ آصف آفریدی ڈیبیو نہ کر سکے، جبکہ ساجد خان وائرل فلو سے صحتیاب ہو کر ٹیم میں شامل ہوئے۔

قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ چونکہ یہ نیا سٹیڈیم ہے، اس لیے کھیل کے حالات کا اندازہ لگانا مشکل تھا، تاہم انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ جیسی عالمی چیمپئن ٹیم کے خلاف کھیلنا ایک بہترین موقع ہے۔ شان مسعود نے مزید کہا کہ ان کے پاس دو اسپنرز ہیں جو لمبے اوورز کر سکتے ہیں، جو کہ ٹیم کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرام نے کہا کہ ان کی ٹیم کے دو اہم کھلاڑی اس میچ میں نہیں کھیل رہے، تاہم انہوں نے اس بات کا یقین ظاہر کیا کہ وہ یہاں کی کنڈیشنز سے بخوبی واقف ہیں اور یہ میچ ان کے لیے چیلنجنگ نہیں ہوگا۔

پاکستانی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، عبداللہ شفیق، امام الحق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، نعمان علی اور ساجد خان شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم میں ٹونی ڈی زورزی، ریان رکلٹن، ویان مولڈر، ایڈن مارکرام (کپتان)، ٹرسٹان اسٹبس، ڈیوالڈ بریوس، کائل ویرین، سینوران متھوسامی، پرینلان سبریئن، کاگیسو ربادا اور سائمن ہارمر شامل ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button