اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحٰق ڈار نے ایرانی صدر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت، مذہب اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان برادر ملک ایران کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون جاری رکھے گا۔
صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی حمایت کو سراہا اور سیاسی و اقتصادی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے اور معاشی ہم آہنگی کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔




