سڈنی : غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں شدید بارش کے باوجود ہزاروں افراد نے ہاربر برج پر مارچ کیا اور فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
’انسانیت کے لیے مارچ‘ میں شرکا نے فلسطینی پرچم لہرائے، "ہم سب فلسطینی ہیں” کے نعرے لگائے اور اسرائیل و امریکا کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرے میں وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج، رکن پارلیمنٹ ایڈ حسین اور سابق نیو ساؤتھ ویلز پریمیئر باب کار بھی شریک تھے۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس کے مطابق تقریباً 90 ہزار افراد شریک ہوئے، جبکہ منتظمین فلسطین ایکشن گروپ سڈنی نے تعداد 3 لاکھ بتائی۔ سپریم کورٹ نے ایک روز قبل مارچ کی اجازت دی تھی، حالانکہ ریاستی حکومت اور پولیس نے سکیورٹی و ٹریفک مسائل کے پیش نظر اسے روکنے کی کوشش کی تھی۔
مظاہرے کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ اسی نوعیت کے احتجاج میلبورن، لندن اور مانچسٹر میں بھی ہوئے۔ گرین پارٹی کی سینیٹر مہرین فاروقی نے اجتماع سے خطاب میں اسرائیل پر سخت پابندیوں کا مطالبہ کرتے ہوئے غزہ کی صورتحال کو "قتل عام” قرار دیا۔




