ٹیکنالوجی

تھریڈز کی تیز رفتار ترقی، ماہانہ صارفین کی تعداد 40 کروڑ سے بڑھ گئی

کیلیفورنیا:میٹا کمپنی کی جانب سے جولائی 2023 میں ایکس (سابق ٹوئٹر) کے متبادل کے طور پر لانچ کیے گئے سوشل نیٹ ورک تھریڈز نے شاندار ترقی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ماہانہ 400 ملین سے زیادہ صارفین کا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ یہ اعداد و شمار انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے اپنی حالیہ پوسٹ میں شیئر کیے۔

ایڈم موسیری کے مطابق، یہ سنگ میل کچھ ہفتے قبل حاصل کیا گیا، اور انہوں نے کہا کہ اگرچہ دو سال میں تھریڈز نے بہت پیش رفت کی ہے، لیکن ابھی بھی اس پلیٹ فارم کو مزید بہتر بنانے کے لیے کام جاری ہے۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اپریل 2025 کے آخر میں میٹا کے سی ای او نے بتایا تھا کہ تھریڈز کے صارفین کی تعداد 35 کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ صرف تین ماہ کے دوران پانچ کروڑ نئے صارفین نے تھریڈز کو جوائن کیا ہے، جو اس کی مقبولیت میں تیزی سے اضافے کا واضح ثبوت ہے۔

دوسری طرف، ایکس اس وقت بھی سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے، جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 60 کروڑ کے قریب ہے۔ تاہم، موجودہ رفتار کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ تھریڈز مستقبل میں ایکس کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔

البتہ ویب سائٹ کے ذریعے استعمال کے لحاظ سے تھریڈز کو اب بھی ایک طویل فاصلہ طے کرنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، جون 2025 میں ایکس کو روزانہ اوسطاً 14 کروڑ افراد نے ویب پر استعمال کیا، جبکہ تھریڈز کے ویب صارفین کی تعداد صرف 69 لاکھ رہی۔

ان اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ تھریڈز موبائل صارفین میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، مگر ویب صارفین کو متوجہ کرنے کے لیے اسے مزید جدت اور توجہ کی ضرورت ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button