باجوڑ: جیسے جیسے باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کا انسدادِ دہشتگردی آپریشن آگے بڑھ رہا ہے، ویسے ویسے کالعدم تنظیم "فتنتہ الخوارج” کی مایوسی اور بوکھلاہٹ سامنے آ رہی ہے۔ حال ہی میں تنظیم کے خارجی سربراہ نور ولی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ، اس گروہ کی دوغلی پالیسی اور عوام دشمن ایجنڈے کو مزید واضح کرتا ہے۔
ذرائع کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے 18 اگست کو باجوڑ کے مقامی شہریوں کو ہدایت جاری کی تھی کہ وہ کسی بھی دہشتگرد کو اپنے علاقے میں پناہ نہ دیں اور فورسز کے آپریشن میں مکمل تعاون کریں۔ اس کے برعکس، نور ولی نے اپنے پیروکاروں اور کمانڈروں کو ہدایت دی کہ وہ باجوڑ نہ چھوڑیں، اور جاری آپریشن کے خلاف محاذ بنائے رکھیں۔
نور ولی کے اعلامیہ میں آپریشن کو "پاک فوج کا ظلم” قرار دینا دراصل ایک منظم پروپیگنڈا ہے، جس کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور ریاستی اداروں پر عدم اعتماد پیدا کرنا ہے۔
سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ "فتنتہ الخوارج” کی جانب سے مسلسل متضاد بیانات اور جھوٹے دعوے اس بات کا ثبوت ہیں کہ تنظیم نہ صرف عوامی حمایت سے محروم ہو چکی ہے، بلکہ اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے۔
حکام کے مطابق، باجوڑ میں جاری آپریشنز کا ہدف صرف اور صرف دہشتگرد عناصر ہیں، اور مقامی آبادی کو مکمل تحفظ دیا جا رہا ہے۔ عوام کو دہشتگردوں کے جھوٹے پروپیگنڈے سے خبردار رہنے اور سیکیورٹی اداروں کا ساتھ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔




