لاہور : پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے، تاہم بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔
گجرات، سیالکوٹ، نارووال، کھاریاں اور پسرور سمیت کئی شہروں میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔ بارش کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے کیونکہ متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ لاہور، اسلام آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین اور شیخوپورہ میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے شہروں پشاور، نوشہرہ، صوابی، مانسہرہ، ٹانک اور لکی مروت میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو بھی ہنگامی اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ بجلی کی بندش کا فوری طور پر سدِ باب کیا جا سکے۔




