کراچی: کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے اعلان کیا ہے کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر شہر کے چند مخصوص علاقوں میں موبائل فون سگنلز بند رکھے جائیں گے۔ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ سندھ کو باضابطہ درخواست بھی بھیج دی گئی ہے۔
پولیس چیف کے مطابق ایسٹ، ویسٹ اور ساوتھ زون کے 23 مقامات پر جلوسوں کی سیکیورٹی کے پیش نظر موبائل فون سگنلز عارضی طور پر بند کیے جائیں گے۔ تاہم، پورے شہر میں موبائل فون سگنلز بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا تاکہ شہریوں کی سہولت متاثر نہ ہو۔
جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ نشتر پارک سے ٹاور تک مرکزی جلوس کے راستوں پر موبائل فون سگنلز بند کیے جائیں گے تاکہ سیکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
انہوں نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ یہ اقدامات امن و امان اور عوام کی حفاظت کے لیے ناگزیر ہیں۔




