اسلام آباد: حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے یوم ولادت کے موقع پر ملک بھر میں عید میلادالنبی ﷺ انتہائی عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
فجر کی نماز کے بعد تمام چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات کی مساجد میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، جن میں ملکی سلامتی، ترقی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے دعا کی گئی۔
اس مقدس دن کی مناسبت سے شہروں کو برقی قمقموں، سبز جھنڈیوں اور سجاوٹ سے دلکش منظر میں ڈھال دیا گیا ہے۔ محافلِ میلاد، نعت خوانی اور درود و سلام کی محافل بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ جلوسوں کے ساتھ عاشقانِ رسول ﷺ کی جانب سے مختلف مقامات پر لنگر اور نیاز کا وسیع انتظام کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ تمام تقریبات پُرامن اور خوش اسلوبی سے منعقد کی جا سکیں۔




