پاکستان

خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی  مختلف علاقوں میں کارروائیاں، فتنہ الہندوستان کے 19 خوارج ہلاک  

راولپنڈی :  خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے تین مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارت کی سرپرستی میں سرگرم کالعدم تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 19 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائیاں مہمند، شمالی وزیرستان اور بنوں کے علاقوں میں کی گئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سب سے بڑی کارروائی مہمند میں کی گئی، جہاں خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن میں 14 دہشت گرد مارے گئے۔ رپورٹ کے مطابق یہ تمام دہشت گرد بھارت کی پشت پناہی میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

دوسری کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کی گئی، جس میں 4 خوارج کو انجام تک پہنچایا گیا، جبکہ تیسری کارروائی بنوں میں عمل میں لائی گئی جہاں ایک دہشت گرد مارا گیا۔

کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ہلاک دہشت گرد مختلف دہشت گردانہ وارداتوں میں ملوث تھے جن میں سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں مزید ممکنہ خطرات کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ باقی ماندہ دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button