آزاد کشمیر کی حسین وادی نیلم میں حالیہ شدید بارشوں کے بعد رتی گلی جھیل جانے والی سڑک سیلابی ریلے میں بہہ گئی، جس کے باعث 700 سے زائد سیاح بیس کیمپ میں محصور ہو کر رہ گئے تھے۔
اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق، ریسکیو آپریشن علی الصبح 7 بجے شروع کیا گیا، جو سہ پہر 3 بجے مکمل ہوا۔ تمام سیاحوں کو بخیروعافیت محفوظ مقامات تک پہنچا دیا گیا۔
ریسکیو مشن میں ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور پاک فوج کے جوانوں نے بھرپور کردار ادا کیا، جبکہ مجموعی طور پر 98 گاڑیوں کے ذریعے سیاحوں کو منتقل کیا گیا۔
ایس ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران پہاڑی علاقوں کا سفر نہ کریں، تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔




