اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے کئی حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ اگرچہ ملک کے بیشتر علاقے خشک اور گرم رہیں گے، تاہم بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
خاص طور پر شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں تیز بارش کی توقع ہے جبکہ اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، لاہور، سرگودھا، خوشاب، سیالکوٹ، نارووال، قصور، حافظ آباد، فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین، گجرات اور گوجرانوالہ میں بارش متوقع ہے۔ علاوہ ازیں پشاور، سوات، کوہاٹ، مردان، دیر، چترال، بنوں، باجوڑ، ایبٹ آباد، صوابی اور مانسہرہ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں موسم جزوی ابرآلود رہے گا جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر حصے خشک اور گرم رہے۔ ساحلی علاقوں میں جزوی ابر آلودگی رہی اور بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ اس دوران کراچی میں بھی ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔




