پیپلز پارٹی پارلیمیٹیرینز کی ترجمان شازیہ مری نے وزیراعلیٰ پنجاب کی تنقید پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقی لیڈر وہ ہوتا ہے جو خدمت کرے، دھمکیاں نہ دے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ برداشت، صبر اور عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے، یہی ہماری جماعت کا طرزِ سیاست ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ عوامی مسائل کو ترجیح دی اور عملی اقدامات سے قیادت کا ثبوت دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے حالیہ سیلاب متاثرین کے لیے بی آئی ایس پی کے ذریعے فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جیسا کہ 2022 میں کیا گیا تھا، جب ہر متاثرہ خاندان کو 25 ہزار روپے امداد دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی 2025 کے رمضان پیکیج میں بی آئی ایس پی کے ڈیٹا کو استعمال کر کے اس کی افادیت کو تسلیم کیا ہے۔ شازیہ مری نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی سندھ اور دیگر متاثرہ علاقوں میں کسانوں اور سیلاب زدگان کی مدد جاری رکھے گی۔
آخر میں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قیادت کا اصل امتحان آفات کے وقت ہوتا ہے، جب سیاست نہیں بلکہ عوام کی مدد کو ترجیح دینی چاہیے۔ پیپلز پارٹی عوامی ریلیف کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور اسی مشن پر کاربند ہے۔




