پاکستان

7 اکتوبر کو 2025 کا پہلا "سپر مون” نظر آئے گا، چاند معمول سے 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد روشن ہوگا

کراچی :  اکتوبر کا مہینہ چاند کے شوقین افراد کے لیے ایک دلکش نظارہ لے کر آ رہا ہے، کیونکہ 7 اکتوبر 2025 کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں سال کا پہلا "سپر مون” آسمان پر جلوہ گر ہوگا۔ اس روز چاند زمین کے قریب ترین فاصلے پر ہو گا، جس کے باعث یہ عام چاند کے مقابلے میں تقریباً 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن ہوجائے گا۔

ماہرینِ فلکیات کے مطابق، جب چاند اپنے مدار میں زمین کے سب سے قریب آتا ہے اور اسی وقت مکمل بھی ہوتا ہے، تو اسے "سپر مون” کہا جاتا ہے۔ اس دوران چاند کا زمین سے فاصلہ تقریباً 2 لاکھ 24 ہزار 599 میل (361,800 کلومیٹر) ہوگا۔

7 اکتوبر کے بعد 5 نومبر اور 5 دسمبر کو بھی سپر مون کا نظارہ ممکن ہوگا، جبکہ جنوری 2026 کے آغاز میں آنے والا سپر مون اگلے سال کے زمرے میں آئے گا۔رواں سال کا سب سے روشن سپر مون 5 نومبر کو ہوگا، جب چاند زمین سے 2 لاکھ 21 ہزار 817 میل (356,600 کلومیٹر) کے فاصلے پر ہوگا۔ یہ 2025 کے سپر مونز میں سب سے زیادہ قریب اور روشن چاند ہوگا۔

ماہرین کے مطابق، سپر مون اس وقت اور زیادہ بڑا محسوس ہوتا ہے جب یہ افق کے قریب ہوتا ہے۔ اس وقت آس پاس موجود عمارتیں، درخت اور دیگر زمینی اشیاء بصری دھوکہ پیدا کرتی ہیں، جس سے چاند اپنے اصل حجم سے بھی بڑا محسوس ہوتا ہے۔ یہ دراصل آنکھوں کا فریب (optical illusion) ہوتا ہے، جس کا سائنسی بنیادوں پر مشاہدہ کیا گیا ہے۔

سپر مون کا یہ مظہر نہ صرف فلکیات کے شوقین افراد کے لیے ایک نادر موقع ہے بلکہ فوٹوگرافی اور فلکی مشاہدے کے شوقین افراد کے لیے بھی ایک یادگار لمحہ ثابت ہو سکتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button