کوالالمپور: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کوالالمپور میں منعقدہ پاک-ملائیشیا بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں، خصوصاً آئی ٹی، ٹیکنالوجی، سیاحت، اور توانائی کے شعبوں میں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا کام سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے، خود کاروبار کرنا نہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نجی شعبے کو آگے آ کر ملکی ترقی میں کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے ملائیشین سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان آئیں اور دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں، خاص طور پر سیاحت کے شعبے میں دونوں ممالک کی کمپنیاں مل کر اہم کام کر سکتی ہیں۔
اس موقع پر ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان معاشی تعاون بڑھانے کے بے شمار مواقع ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہم پاکستانی کمپنیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، ملائیشیا کے دروازے ان کے لیے کھلے ہیں۔”




