لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز کے لیے قومی ٹیم کے کپتان کا انتخاب تاحال نہیں کیا۔ ذرائع کے مطابق موجودہ کپتان محمد رضوان کی جگہ کسی نئے کھلاڑی کو قیادت سونپنے پر غور جاری ہے۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو ایک باضابطہ خط لکھا ہے جس میں کپتانی کے حوالے سے مشاورت کے لیے سلیکشن کمیٹی اور ایڈوائزری کمیٹی کا مشترکہ اجلاس بلانے کی تجویز دی گئی ہے۔ یہ خط چیئرمین کی جانب سے دونوں کمیٹیوں کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
سلیکشن اور ایڈوائزری کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس 20 اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے، جہاں قومی ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان کے نام پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اسی اجلاس میں کپتانی سے متعلق حتمی فیصلہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور آل راؤنڈر سلمان علی آغا ون ڈے ٹیم کی قیادت کے لیے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔ مختلف حلقوں میں دونوں ناموں پر مشاورت جاری ہے، جب کہ بعض اعلیٰ حکام شاہین آفریدی کو مستقبل کا کپتان تصور کر رہے ہیں، اور دیگر سلمان آغا کو وائٹ بال فارمیٹ کے لیے موزوں قرار دے رہے ہیں۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق نئے کپتان کا باضابطہ اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے، جس کے بعد قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ اور اسکواڈ کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔




