اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے رواں مالی سال کے لیے گیس کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دیتے ہوئے اپنی سفارشات وفاقی حکومت کو بھجوا دی ہیں۔ قیمتوں میں کمی کا مقصد صارفین کو ریلیف فراہم کرنا اور درآمدی لاگت میں کمی کے اثرات منتقل کرنا ہے۔
اوگرا کی تجویز کے مطابق سوئی نادرن کے لیے گیس کی اوسط قیمت میں 3 فیصد کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 1804 روپے 8 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب سوئی سدرن کے لیے 8 فیصد کمی تجویز کی گئی ہے، جس کے تحت نئی اوسط قیمت 1549 روپے 41 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگی۔
ترجمان اوگرا کے مطابق وفاقی حکومت سے مشاورت کے بعد ہی حتمی نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، جبکہ سلیب وار قیمتوں کے تعین کے لیے بھی حکومتی رائے درکار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی منظوری کی صورت میں کمی کا فائدہ براہِ راست صارفین تک پہنچے گا۔ وفاقی حکومت 40 روز کے اندر اوگرا کی تجویز پر جواب دینے کی پابند ہے، بصورت دیگر قیمتوں میں کمی کا فیصلہ خود بخود نافذ ہو جائے گا۔




