گیولنگ : پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا بگ بیش لیگ (BBL) میں پہلا میچ ان کے لیے توقع کے مطابق نہیں رہا۔ برسبین ہیٹ کے خلاف میلبورن رینیگیڈز کے میچ میں شاہین نے 2.4 اوورز میں 43 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہ کی۔
ان کے اوورز میں تین نو بالز اور دو وائیڈز شامل تھیں۔ میچ کے دوسرے اوور میں تین ڈاٹ بالز سے اچھا آغاز کرنے کے باوجود وہ بعد میں لائن اور لینتھ برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔
میچ کے 18ویں اوور میں شاہین نے ٹم سیفرٹ اور اولی پیک کو خطرناک کمر کی اونچائی پر گیندیں کیں، جس پر امپائرز نے انہیں مزید بولنگ سے روک دیا۔ بولنگ سے ہٹائے جانے کے بعد شاہین کے چہرے پر ہلکی مسکراہٹ دیکھی گئی، جبکہ برسبین ہیٹ کے کپتان نیتھن میک سویینی نے اوور کی آخری دو گیندیں خود کروانی پڑیں۔
میلبورن رینیگیڈز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے۔ ٹم سیفرٹ نے 56 گیندوں پر 102 رنز بنائے، جبکہ اولی پیک نے 29 گیندوں پر 57 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کے محمد رضوان نے نمبر تین پر آ کر 10 گیندوں میں 4 رنز بنائے اور آؤٹ ہوئے۔




