لاڑکانہ : ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لاڑکانہ کے گاؤں بہاول جت کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 2022 کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے بنائے جانے والے گھروں کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر صدر ورلڈ بینک کو بریفنگ دی گئی کہ سندھ حکومت عالمی بینک کے تعاون سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے بین الاقوامی معیار کے مطابق پائیدار گھر تعمیر کر رہی ہے۔ اجے بنگا نے تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک متاثر کن انسانی منصوبہ قرار دیا۔
دورے کے دوران مقامی خواتین نے صدر ورلڈ بینک اور وزیراعلیٰ سندھ کو اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ خواتین نے زور دیا کہ گھروں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، کیونکہ علاقے میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے جس سے بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے خواتین کے مطالبے پر فوری ردعمل دیتے ہوئے یقین دلایا کہ بحالی کے اس منصوبے میں پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی شامل کیا گیا ہے اور اس پر ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے۔




