پاکستان
Trending

افغان سرحد سے دہشت گردی پر پاکستان کا سخت موقف؛ برطانوی نمائندے کے ریمارکس حقیقت کے منافی قرار

 

اسلام آباد :پاکستان نے افغانستان کی صورتحال پر برطانوی نمائندے کے حالیہ بیان کو دو ٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے اسے زمینی حقائق سے لاعلمی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ برطانوی نمائندے کی جانب سے دیے گئے یک طرفہ ریمارکس پاک افغان سرحد پر جاری کشیدگی کی گہرائی کو سمجھنے میں ناکام رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے اعلامیے میں واضح کیا کہ پاکستان کے مسلسل جذبہ خیر سگالی کے باوجود افغان سرزمین سے دراندازی اور جارحیت کے واقعات میں کوئی کمی نہیں آئی۔ بیان میں انکشاف کیا گیا ہے کہ افغان طالبان کی حمایت یافتہ ہندوستانی پراکسیز پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں میں براہِ راست ملوث ہیں، جن کا نشانہ معصوم شہری اور سکیورٹی اہلکار بن رہے ہیں۔
پاکستانی حکام نے افغان فورسز کی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کی تفصیلات بھی جاری کر دی ہیں۔ 26 مارچ (عید الفطر) سے اب تک افغان سرحد سے بلا امتیاز گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔ ان حملوں کے باعث اب تک 52 شہری شہید جبکہ 84 شدید زخمی ہو چکے ہیں۔
دفتر خارجہ نے افغان حکومت کی جانب سے پاکستانی جوابی کارروائی میں شہری ہلاکتوں کے دعوؤں کو سراسر من گھڑت اور ناقابلِ اعتبار قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ پاکستان کا موقف ہے کہ عالمی برادری کو یک طرفہ پروپیگنڈے کے بجائے پاکستان کو درپیش سکیورٹی چیلنجز کا حقیقت پسندانہ جائزہ لینا چاہیے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button