کراچی : پاکستان کے نامور شوبز ستاروں نے ‘معرکہء حق’ کے ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج کے جوانوں کے نام اپنے خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔ فنکاروں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے فن کے ذریعے قوم کے جذبوں کو جوڑنے اور حق کی آواز بلند کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے پاک فوج کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا "فنکار کا پلیٹ فارم چاہے سٹیج ہو یا سکرین، ہم ہمیشہ سچ کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور معرکہء حق دشمن کے جھوٹ کے خلاف سچ کی سب سے بڑی فتح ہے۔
"ہمارا مقصد عوام میں امید کو زندہ رکھنا ہے، اور ہماری افواج نے دشمن کو دھول چٹا کر پوری قوم کی امیدوں کو نئی زندگی دی ہے۔ستاروں نے اس عزم کو دہرایا کہ فنکار برادری وطن پر آنے والی کسی بھی مشکل گھڑی میں پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے کہا زمانہ امن کا ہو یا جنگ کا، ہماری وفاداریاں اپنی مٹی اور اپنی افواج کے ساتھ ہیں۔ ہم کل بھی پاک فوج کے ساتھ کھڑے تھے اور آج بھی پوری ہمت کے ساتھ ان کی پشت پر کھڑے ہیں۔
فنکاروں کا کہنا تھا کہ معرکہء حق کی کامیابی نے ہمیں دنیا بھر میں ایک باوقار اور مضبوط قوم کے طور پر متعارف کروایا ہے۔ شوبز ستاروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو پاکستان کے دفاع اور وقار کو اجاگر کرنے کے لیے استعمال کرتے رہیں گے۔




