نیویارک :نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں بحرین کے وزیرِ خارجہ سے ملاقات کی ہے، جس میں دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو نئی جہت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون کی رفتار تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ملاقات کے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک-بحرین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو دوچند کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاک-بحرین شراکت داری کو مزید وسعت دے کر دونوں ممالک کے مابین معاشی روابط کو مزید فعال بنایا جائے گا۔
ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور اقوامِ متحدہ کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل (UNSC) سمیت تمام عالمی فورمز پر اپنا روایتی اور قریبی سفارتی تعاون اور ہم آہنگی جاری رکھیں گے۔




