اسلام آباد :پاکستان اور یورپی یونین نے عالمی امن کے قیام، تجارتی حجم میں اضافے اور طویل مدتی اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی جلا بخشنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ اہم پیش رفت دارالحکومت میں منعقدہ آٹھویں ‘پاکستان-یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ’ کے دوران سامنے آئی، جس کی مشترکہ صدارت نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور کایا کالاس نے کی۔
مذاکرات سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے علاقائی و عالمی چیلنجز، بالخصوص پاک بھارت امور اور حالیہ امریکہ ایران تصادم جیسے نازک مواقع پر یورپی یونین کے مسلسل روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں خطوں کے مابین معاشی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کے وسیع افق موجود ہیں جنہیں باہمی اسٹریٹجک وژن کے ذریعے مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
ڈائیلاگ کے دوران یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کایا کالاس نے امریکہ اور ایران کے مابین جاری کشیدگی کو کم کرانے اور تعطل کا شکار مذاکرات کی بحالی کے لیے پاکستان کے فعال اور مخلصانہ ثالثی کے کردار کو نمایاں طور پر سراہا۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ امریکہ ایران تنازع نے عالمی سطح پر توانائی کا ایک شدید بحران پیدا کر دیا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے مستقل جنگ بندی اور سفارتی بات چیت کا تسلسل ناگزیر ہو چکا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں دونوں رہنماؤں نے کثیر الجہتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید پائیدار بنانے پر مکمل اتفاق کیا۔




