اسلام آباد: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ حکومت آج رات نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت 2.7 فیصد کمی کے بعد 76.9 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی ہے، جبکہ امریکی خام تیل بھی 3 فیصد سستا ہونے کے بعد 73.6 ڈالر فی بیرل سے نیچے آ گیا ہے۔ ایران۔اسرائیل کشیدگی کے آغاز کے بعد یہ خام تیل کی کم ترین سطح سمجھی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے پیش نظر پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔ وزارتِ خزانہ آج رات نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی، جس کے بعد ان کا اطلاق آئندہ پندرہ روز کے لیے ہوگا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے وزیر پٹرولیم کو ہدایت کی ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا زیادہ سے زیادہ فائدہ عوام تک پہنچایا جائے، تاکہ مہنگائی سے متاثرہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
معاشی ماہرین کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا تو پاکستان میں آئندہ بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کے امکانات موجود ہیں۔




