لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونے والی بارش اور تیز ہواؤں نے موسم خوشگوار بنا دیا جبکہ کئی روز سے جاری شدید گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آ گئی۔ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، حافظ آباد، گجرات، سرگودھا سمیت متعدد علاقوں میں بارش کے بعد شہریوں نے خوشگوار موسم کا استقبال کیا۔
بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی اور ٹھنڈی ہواؤں نے حبس کا خاتمہ کر دیا۔ بعض علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پر اثرانداز ہے، جس کے باعث آج بھی پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ شہریوں کو موسمی صورتحال کے دوران احتیاط برتنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔




