لاہور: باغبانپورہ کے علاقے میں تین منزلہ مکان گرنے کے افسوسناک واقعے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ سکھ نہر اسٹاپ کے قریب پیش آیا، جہاں مکان اچانک منہدم ہونے کے بعد ملبے تلے افراد دب گئے۔ امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مزید 2 سے 3 افراد کے ملبے تلے موجود ہونے کا خدشہ ہے، جن کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں 3 خواتین، 2 بچے اور 4 مرد شامل ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جا رہا ہے، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کی ہدایت پر ڈی سی لاہور اور دیگر انتظامی افسران موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔




