لندن: برطانیہ میں شدید گرمی کی نئی لہر کے خدشے کے باعث مختلف علاقوں میں ہیٹ الرٹس جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
برطانوی ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق لندن، جنوب مشرقی انگلینڈ، مشرقی انگلینڈ اور مشرقی مڈلینڈز سمیت کئی علاقوں میں امبر ہیٹ الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں زرد درجے کے انتباہات جاری ہیں۔
حکام نے بزرگ شہریوں، دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد اور دیگر حساس طبقات کو خصوصی احتیاط کا مشورہ دیتے ہوئے زیادہ پانی پینے، تیز دھوپ سے بچنے اور گھروں کو ٹھنڈا رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بعض علاقوں میں درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ جنوبی اور مشرقی انگلینڈ میں درجہ حرارت 30 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شدید گرمی کے دوران بزرگ رشتہ داروں اور پڑوسیوں کا خصوصی خیال رکھیں۔




