اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے ایران کے وزیر صنعت، کان کنی و تجارت سید محمد اتابک نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں پاک ایران تعلقات، اقتصادی تعاون اور باہمی تجارت کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے تجارت کا حجم بڑھانے، سرحدی سہولیات کو بہتر بنانے، زرعی شعبے میں تعاون اور کان کنی کے شعبے میں مشترکہ اقدامات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی کوششوں کے ذریعے دوطرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر کے ہدف تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سرحدی تجارت کے فروغ، بارڈر کو مؤثر انداز میں فعال رکھنے، کسٹمز نظام میں ہم آہنگی اور بہتر لاجسٹکس سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
ایرانی وزیر سید محمد اتابک نے پاکستان کی میزبانی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد تجارتی معاہدے سے متعلق تکنیکی مذاکرات کی تکمیل سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔




